کویت اور ترکی جانیوالے پاکستانیوں کیلئے کورونا ٹیسٹ لازمی

Last Updated On 30 July,2020 06:07 pm

لاہور: (دنیا نیوز) کویت اور ترکی جانیوالے پاکستانیوں کیلئے کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ پی آئی اے نے پاکستان سے کویت سفر کرنیوالے مسافروں کیلئے ہدایات جاری کر دیں۔ کورونا ٹیسٹ رپورٹ منفی آنے پر ہی کویت کا سفر کیا جاسکے گا۔

بارہ سال سے کم عمر بچے والدین کا کورونا ٹیسٹ منفی ہونے پر ہی سفر کر سکیں گے۔ مسافر فلائٹ سے قبل شلولنک نامی ایپلی کیشن میں سائن ان ہوں گے۔ کویت پہنچنے پر تمام مسافروں کو 14 دن قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔

ادھر ترکش ایئر لائن انتظامیہ کی طرف سے جاری نئی ٹریول ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ ترکی جانے والے پاکستانی مسافروں کو کورونا کی منفی رپورٹ کے بغیر بورڈنگ پاس جاری نہیں کیا جائے گا۔ آٹھ اگست سے مسافروں کے ٹیسٹ لازمی قرار دیئے گئے ہیں۔

دریں اثناء پی آئی اے نے یورپی سیفٹی ایجنسی کی جانب سے پابندی کے فیصلے کو بدلنے کیلئے سفارتی سطح پر رابطوں کے ساتھ بیک ڈور چینل کا بھی استعمال شروع کر دیا ہے۔

پی آئی اے ترجمان کے مطابق قومی ائیرلائن نے یورپی سیفٹی ایجنسی کیلئے اپیل تیار کرکے وکلا کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔ سیفٹی مینجمنٹ سسٹم سافٹ ویئر بھی تیار کر لیا گیا ہے۔ برطانیہ اور یورپ میں پروازوں کی بحالی کیلئے یورپی سیفٹی ایجنسی کو ٹھوس اور موثر اقدامات کے ذریعے قائل کریں گے۔