عثمان بزدار کی پولیس کے شہدا کی یادگار پر حاضری، پھولوں کی چادر چڑھائی

Last Updated On 04 August,2020 02:21 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پولیس کے شہدا کی یادگار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور پولیس کے شہداء کے لئے دعا کی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھی پولیس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا.

وزیر اعلی پنجاب یوم شہدا پولیس کے موقع پر مال روڑ پر پولیس شہدا کی یادگار پر پہنچے اور شہداء کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ عثمان بزدار نے شہید ہونے والے پولیس افسروں اور جوانوں کی عظم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے اپنی جانیں دینے والے پولیس افسران اور جوانوں کی جرات کو سلام پیش کرتا ہوں، پولیس کے شہداء ہمارا مان ہیں، یوم شہدائے پولیس بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے، شہداء پولیس کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت شہید پولیس افسروں اور جوانوں کے اہل خانہ سے بھی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے، شہداء کے خاندانوں کی دیکھ بھال ہماری ذمہ داری بھی ہے اور فرض بھی، شہید پولیس اہلکاروں کے خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان، انسپکٹرجنرل پولیس، سی سی پی او لاہور، سیکرٹری اطلاعات اور ڈپٹی کمشنر لاہور بھی اس موقع پر موجود تھے۔

دوسری جانب ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے بھی پولیس کے تمام شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا، ٹویٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ فرض کی ادائیگی میں پولیس سب سے پہلے پہنچتی ہے۔