اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سیاسی بد انتظامیوں کے باعث کراچی کے حالات بد ترین ہوئے۔ ٹرانسفارمیشن پیکیج کے تحت منصوبوں پر جلد عملدرآمد ضروری ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان سے ملاقات کے موقع پر کیا۔
وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے ملاقات کی، کراچی ٹرانسفارمیشن پیکیج سمیت پارلیمانی معاملات پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران ایف اے ٹی ایف سے متعلقہ قانون سازی پر گفتگو کی گئی جبکہ وزیراعظم نے قانون سازی کا عمل جلد مکمل کرنے کے عزم کاا ظہار کیا۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیاسی بد انتظامیوں کے باعث کراچی کے حالات بد ترین ہوئے۔ شہر قائد کی ترقی وفاقی حکومت کے ایجنڈے میں شامل ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ وفاق کراچی کے مسائل کے حل کیلئے مالی وسائل فراہم کرے گا، ٹرانسفارمیشن پیکج کے تحت منصوبوں پر جلد عملدرآمد ضروری ہے۔
اس موقع پر مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے معاشی حب کی بہتری کیلئے بروقت قدم اٹھایا۔