عمران خان کیخلاف ہرجانہ کیس:عدالت روزانہ کی بنیاد پر مقدمے کی سماعت کرے: شہباز شریف

Published On 12 September,2020 05:08 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران خان کیخلاف ہرجانہ کیس میں استدعا کی ہے کہ عدالت روزانہ کی بنیاد پر مقدمے کی سماعت کرے۔

انہوں نے کہا کہ فرانزک لیبارٹری میاں نوازشریف کی قیادت میں ہمارے دور میں بنائی گئی۔ قومیں نعروں اور جھوٹے الزامات لگانے سے نہیں بنتیں، 2018ء میں جب ہماری حکومت ختم ہوئی تو چینی کی قیمت اٹھاون روپے تھے اور آج سو روپے سے زائد پر فروخت ہو رہی ہے۔

لیگی صدر کا کہنا تھا کہ گندم کی کٹائی کا سیزن ابھی ختم نہیں ہوا اور گندم غائب ہو گئی، آٹا تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا، مخالفین کو دیوار سے لگانے کے علاوہ اور کوئی کام نہ ہو تو پھر عام آدمی پریشان ہو کر آسمان کی طرف دیکھتا ہے۔

دوسری طرف ٹویٹر پر شہباز شریف نے لکھا کہ وزیراعظم عمران خان کے جھوٹ کے خلاف میری جانب سے دائر 10 ارب روپے ہرجانے کے مقدمے میں 33 بار التوا لیا جا چکا ہے۔ میں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ روزانہ بنیادوں پر اس مقدمے کی سماعت کی جائے۔ 3 سال گزر گئے لیکن عمران خان نے مقدمے میں تحریری جواب نہیں دیا۔