کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں 22 ستمبر سے سکول کھولنے کا فیصلہ مؤخر کر دیا گیا، چھٹی سے آٹھویں تک سکول کھولے جانے تھے۔
وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا سرکاری سکولوں میں ایس او پیز پر 100 فیصد عملدرآمد نہیں ہوا مگر صورتحال قدرے بہتر تھی، 21 ستمبر سے چھٹی سے آٹھویں ویں جماعت نہیں کھول رہے، صورتحال کا جائزہ لیں گے، 28 ستمبر کو مڈل کلاسز بلاسکتے ہیں، ابتر صورتحال پر مڈل کلاسز کی تاریخ بڑھاسکتے ہیں۔
سعید غنی کا کہنا تھا وفاقی وزیر تعلیم سے بات کروں گا، صورتحال خراب ہوتی نظر آتی ہے تو این سی او سی میٹنگ کا انتظار نہیں کرنا چاہیے، ہمیں صورتحال کو دیکھتے ہوئے خود بھی فیصلہ کرنا چاہیے، جانتے ہیں بچوں کی تعلیم کا حرج ہو رہا ہے مگر بچوں کی صحت پر کوئی سجھوتہ نہیں، سکول کھولنے کے باوجود آن لائن کلاسز کا سلسلہ نہیں روکیں گے۔
وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے انڈسٹریز کو آسان قرض دینے کا اعلان کیا ہے، سٹیٹ بینک سکولوں کو بھی بلاسود قرض فراہم کرے، سٹیٹ بینک اگر بلاسود قرض نہیں دے سکتا تو سود حکومت ادا کرے۔
دوسری جانب کورونا وائرس سے 9 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 408 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 4 ہزار 386 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 752 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 98 ہزار 142، سندھ میں ایک لاکھ 33 ہزار 125، خیبر پختونخوا میں 37 ہزار 242، بلوچستان میں 13 ہزار 991، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 381، اسلام آباد میں 16 ہزار 33 جبکہ آزاد کشمیر میں 2 ہزار 472 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 30 لاکھ 90 ہزار 660 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 33 ہزار 865 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 2 لاکھ 91 ہزار 683 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 579 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 9 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 408 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 225، سندھ میں 2 ہزار 455، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 257، اسلام آباد میں 180، بلوچستان میں 145، گلگت بلتستان میں 80 اور آزاد کشمیر میں 66 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔