نواز شریف کے اثاثوں کی رپورٹ عدالت میں جمع، پراپرٹی، شوگر ملز کی تفصیلات شامل

Published On 02 October,2020 02:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس میں اثاثوں سے متعلق رپورٹ اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جمع کرا دی۔ 1752کنال زرعی اراضی، لاکھوں روپے کے شیئرز، 8 بینک اکاؤنٹس، ایک لینڈ کروز، 2 مرسڈیز نوازشریف کے اثاثوں میں شامل ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ نواز شریف کے اثاثوں کے لیے الیکشن کمیشن، ایف بی آر اور ایس ای سی پی کو خطوط لکھے گئے، ایس ای سی پی کے مطابق نواز شریف کے چار کمپنیوں میں شیئرز ہیں، محمد بخش ٹیکسٹائل ملز میں نواز شریف کے 4 لاکھ 67 ہزار 950 شیئرز، حدیبیہ پیپر ملز میں نواز شریف کے 3 لاکھ 43 ہزار 425 شیئرز ہیں جبکہ حدیبیہ انجینئرنگ کمپنی میں نواز شریف کے شیئرز کی تعداد 22 ہزار 213 ہے اور اتفاق ٹیکسٹائل ملز میں نواز شریف 48 ہزار 606 شیئرز کے مالک ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ نواز شریف کے مختلف نجی بینکس میں 3 غیر ملکی کرنسی سمیت 8 اکاؤنٹس شامل، نواز شریف کے 5 بینک اکاؤنٹس میں 6 لاکھ 12 ہزار روپے موجود ہیں، غیر ملکی کرنسی والے اکاؤنٹس میں 566 یورو، 698 امریکی ڈالرز اور 498 برطانوی پاؤنڈز موجود ہیں، ایل ڈی اے لاہور اور شیخو پورہ کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، مری کے اسسٹنٹ کمشنر اور گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے بھی رپورٹ دی۔

نواز شریف اور ان کے زیر کفالت افراد کے نام لاہور، شیخو پورہ، مری اور ایبٹ آباد میں جائیدادیں، مری میں بنگلہ، چھانگلہ گلی ایبٹ آباد میں 15 کنال کا مکان اور اپر مال لاہور پر جائیداد شامل ہیں جبکہ نواز شریف اور ان کے زیر کفالت افراد کے نام 1752 کنال سے زائد زرعی اراضی، لاہور کے موضع مانک میں 936 کنال، موضع بڈوکسانی میں 299 کنال زرعی اراضی شامل ہے۔

لاہور کے موضع مال رائے ونڈ میں 103 کنال، موضع سلطانکے میں 312 کنال اراضی، ضلع شیخو پورہ کے موضع منڈیالی میں 14 کنال اور موضع فیروز وطن میں 88 کنال اراضی شامل ہے۔ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس لاہور اور اسلام آباد کے مطابق نواز شریف کے نام پر 3 گاڑیاں اور 2 ٹریکٹرز کے علاوہ 1 لینڈ کروزر، 2 مرسڈیز گاڑیوں سمیت 2 ٹریکٹرز کے مالک ہیں۔