پاکستان کی آذربائیجان کیساتھ مل کر آرمینیا کیخلاف جنگ کی خبروں کی تردید

Published On 02 October,2020 02:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے آذربائیجان کے ساتھ مل کر آرمینیا کیخلاف جنگ کی خبروں کی تردید کر دی۔ دفتر خارجہ نے پاکستان اور آذربائیجان کی افواج کا مل کر آرمینیا کیخلاف جنگ کرنے کی خبریں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا آذربائیجان اور آرمینا کی جنگ میں پاک فوج کے لڑنے کی رپورٹس قیاس آرائی پر مبنی ہیں، ایسی رپورٹس اور اطلاعات انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہیں، پاکستان کو ناگورنو کاراباخ میں سیکورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر سخت تشویش ہے۔

زاہد حفیظ نے مزید کہا آذربائیجان کی شہری آبادی پر آرمینیائی فوج کی گولہ باری قابل مذمت اور افسوسناک ہے، خطے میں امن و سلامتی کو لاحق خطرات سے بچنے کیلئے آرمینیا کو اپنی کارروائی روکنا ہوگی، پاکستان ناگورنو کاراباخ کے حوالے سے آذربائیجان کے موقف کی حمایت کرتا ہے، آذربائیجان کا موقف سلامتی کونسل کی متفقہ طور پر منظور قراردادوں کے مطابق ہے۔
 

Advertisement