اشیائے خورونوش سستی کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے: وزیراعظم

Published On 10 October,2020 03:22 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اشیائے خورونوش سستی کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، قیمتوں میں اضافے کی وجوہات کا تعین کر رہے ہیں، آئندہ ہفتے حکمت عملی کے تحت ایکشن لیتے ہوئے قیمتوں کو کم کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تعین کرنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کی وجہ سمگلنگ، ذخیرہ اندونی یا رسد کی کمی ہے، بین الاقوامی سطح پر قیمتوں میں اضافے کا پاکستان پر اثرات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے سٹیزن پورٹل پر موٹروے ریسٹ ایریاز میں اشیاء کی زائد قیمتوں پر شہریوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کر دی۔

وزیر اعظم ڈلیوری یونٹ نے وزارت مواصلات، این ایچ اے اور آئی جی موٹر وے کو مراسلہ جاری کر دیا۔ وزیراعظم آفس نے کہا ہے کہ موٹر وے ریسٹ ایریاز پر قیمتوں کی مانیٹرنگ کے لیے خصوصی ٹیم مختص کی جائیں، ٹیمیں موٹر وے ریسٹ ایریاز پر دن اور رات باقاعدگی سے چھاپے ماریں، ٹیمیں ضلعی انتظامیہ سے ضرورت پڑنے پر مدد کسی بھی وقت لے سکتی ہیں۔

وزیراعظم آفس کا کہنا ہے موٹروے ریسٹ ایریاز پر زائد قیمتوں کے خلاف فوری اور سخت ایکش لیا جائے، موٹر وے ریسٹ ایریاز پر مسافروں اور سیاحوں کی آگاہی کے لیے بینرز آویزاں کیے جائیں، سیٹیزن پورٹل پر شکایات کی آگاہی سے متعلق بھی ریسٹ ایریاز میں اقدامات کیے جائیں۔

وزیر اعظم آفس نے متعلقہ حکام کو 21 روز میں ابتدائی رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا اقدامات کی تکمیل سے پہلے اور بعد کی تقابلی رپورٹ بھی پیش کی جائے۔
 

Advertisement