اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کی تازہ ترین رپورٹ نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم اور بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ روا رکھے جانےوالے امتیازی رویے کو بے نقاب کر دیا ہے۔
ریڈیو پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں صورتحال دن بدن ابتر ہوتی جا رہی ہے اور گزشتہ سال پانچ اگست کے بعد سے بھارتی فوج کشمیریوں کےخلاف ہرظالمانہ ہتھکنڈا استعمال کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھارت میں اپنے دفاتر بند کر دئیے ہیں، اس لئے یہ کہنے کا کوئی حق نہیں ہے کہ ایمنسٹی انٹر نیشنل کشمیر کے تنازع کا نوٹس نہیں لے رہی۔
ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارت کی گرفت کمزور ہو رہی ہے اور مقبوضہ وادی میں اس کی پالیسیاں مکمل ناکام ہو چکی ہیں۔