پی ڈی ایم ناکام حکومت کو گھر بھیج کر حقیقی جمہوریت لائے گی: احسن اقبال

Published On 27 October,2020 03:41 pm

حیدر آباد: (دنیا نیوز) احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ناکام حکومت کو گھر بھیج کر حقیقی جمہوریت لائے گی، ملک کو قانون کے تحت چلانے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، پاکستان بنانیوالی جماعت کو حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں۔

مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا غربت اور بے روزگاری سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں، مہنگائی ختم کرنے اور معیشت میں بہتری کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، ملک کو قانون کے تحت چلانے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا حکومتی نالائقی کا سایہ معیشت کے بعد سیکیورٹی پر بھی پڑ رہا ہے، وزارت داخلہ نیب بن چکی ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا حکومت امن و امان قائم کرنے میں بھی ناکام ہوگئی، ہم نے دہشتگردی کا جن بوتل میں بند کر دیا تھا، عمران خان انتشار پھیلا کر ملک کو کمزور کر رہے ہیں، وزارت داخلہ کا فوکس اپوزیشن کیخلاف مقدمات بنانے پر ہے۔ انہوں نے کہا موجودہ حکومت کشمیر کی سوداگر ہے، حکومت صبح شام کہتی ہے ساری اپوزیشن بھارت کی ایجنٹ ہے، حب الوطن کو دوسرے ملک کا ایجنٹ قرار دینا اصل میں غداری ہے۔

لیگی رہنما نے کہا جہانگیر ترین کو کس نے این آراو دیا، مالم جبہ کے ریفرنس کو کیوں نہیں سنا جاتا۔