نون لیگ کا کسانوں پر تشدد کی مذمت، کسان اتحاد رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ

Published On 04 November,2020 11:42 am

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ نون نے کسانوں پر تشدد اور شیلنگ کی مذمت کرتے ہوئے کسان اتحاد کے رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ کر دیا۔

ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے کہا کسانوں کو روزگار دینے کی بجائے گرفتار کرنا عمران صاحب کی فاسشسٹ سوچ کی عکاسی ہے، ‎ووٹ چور ظالم حکومت کے پاس عوام کے لئے گالی، گولی اور شیلنگ کے سوا کچھ نہیں، ‎عوام سے جینے کا حق چھیننے والی ظالم حکومت مظلوموں کی بات سننے پر بھی آمادہ نہیں، ڈی چوک پہ منتخب وزیراعظم کے خلاف دھرنا، سول نافرمانی کا اعلان کرنے والے مظلوموں کی بات سُننے کو تیار نہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا ‎لیڈی ہیلتھ ورکرز، سرکاری ملازمین، ڈاکٹرز، طلباء آج سراپا احتجاج ہیں، کسانوں پر ڈنڈے برسا کر زرعی پیداوار میں اضافہ نہیں ہوگا، یہ سلوک صرف ووٹ چور ہی کرسکتے ہیں، ‎کسانوں سمیت پورے پاکستان پر ووٹ چور ٹڈی دَل نے حملہ کیا ہوا ہے، ‎جب تک ظالم ووٹ چور حکومت سے نجات نہیں ہوگی، کسانوں سمیت ہر شعبہ زندگی اذیت میں رہے گا، ‎ڈنڈے اور آنسو گیس کے گولے برسانے والی حکومت کے خلاف عوام سڑک پر آچکے ہیں۔