کشمیر کے مسئلے پر انتخابی سیاست کرنا انتہائی افسوسناک ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر

Published On 05 November,2020 05:07 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ کشمیر کے حصوں کو رائے شماری کے بغیر تقسیم نہیں کیا جا سکتا۔ علاقائی ریفرنڈم کی تجویز اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق نہیں ہے۔ کشمیرکے مسلے پر انتخابی سیاست کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کشمیری رہنما چودھری غلام عباس کے مزار کی تزئین وآرائش کا سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کشمیریوں کی تحریک سے جس نے غداری کی، خواہ وہ کشمیری ہو یا پاکستانی، وہ تباہ ہوا اور ہوگا۔

راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ دشوار زندگی گزار رہے ہیںَ کیا کشمیری انسان نہیں، جنہوں نے اپنی جان، مال عزت اور آبرو پاکستان کے لیے قربان کر دی۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان بدترین مظالم ڈھا رہا ہے۔ ہندوستان نے کشمیر کو درجہ کم کیا اور لداخ کے ساتھ منسلک کر دیا۔ آزاد کشمیر میں کوئی غدار نہیں، اگر کوئی ہوا تو ہم خود اس سے نمٹ لیں گے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں اکھاڑ بچھاڑ نہ کریں، مضبوط مستحکم پاکستان کشمیر کے آزادی کے لیے اہم ہے، ایسی باتیں نہ کریں جس سے مودی بھی خوش ہوگا۔