کورونا وائرس کی تشویشناک صورتحال، آزاد کشمیر میں لاک ڈاؤن کے نفاذ کا فیصلہ

Published On 04 October,2020 08:18 pm

مظفر آباد: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کی تشویشناک صورتحال کے باعث حکومت آزاد کشمیر نے اعلیٰ سطح اجلاس میں ریاست میں پھر سے لاک ڈاؤن کے نفاذ کا فیصلہ کر لیا ہے۔

تفصیل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وبا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافے سے نمٹنے کے لئے وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں لاک ڈاؤن کے نفاذ کا فیصلہ ہوا ہے۔

وزیراعظم نے انتظامی اداروں کو دو دن کے اندر لاک ڈاؤن کی حکمت عملی تیار کرنے کی بھی ہدایت کر دی ہے۔ اجلاس میں کورونا وبا کے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کروانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ ریاست میں پازیٹو کیسز کی شرح 8.3 فیصد ہے جو پاکستان بھر میں سب سے زیادہ ہے۔ اس کے سبب دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گھر سے باہر اور دفاتر میں ماسک کی مکمل پابندی ہوگی، خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا جائیگا۔ آزاد کشمیر کے تمام انٹری پوائنٹس پر چیکنگ، ٹرانسپورٹ وتعلیمی اداروں میں ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کو بھی یقینی بنایا جائیگا۔

اس کے علاوہ مذہبی اجتماعات سیاسی اور سماجی تقریبات بھی محدود کی جائیں گی۔ دوسری جانب لاک ڈاؤن کی جزیات طے کرنے کے لیے چیف سیکریٹری آزاد کشمیر نے بھی اعلیٰ سطح اجلاس طلب کر لیا ہے جہاں بازار، غیر ضروری دفاتر اور تعلیمی اداروں پر بھی مکمل اور جزوی بندش کی تجاویز طے کی جائیں گی۔

 

Advertisement