مسلم لیگ (ق) بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، چودھری پرویز الہٰی

Published On 05 January,2021 07:06 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ق) بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، عوامی خدمت کاجذبہ رکھنے والوں کو بلدیاتی میدان میں اتارا جائے گا۔

انہوں نے یہ بات سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے صدر قیصر بریار اور سینئر نائب صدر پاکستان مسلم لیگ چودھری سلیم بریار سے ملاقات کے موقع پر کہی۔ ملاقات کے دوران موجودہ سیاسی صورتحال اور تاجروں کو درپیش مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے ملکی معیشت کا برا حال ہے، تاجر برادری اس مشکل وقت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ چودھری پرویز الہٰی نے مچھ میں ہزارہ برادری کے کان کنوں کی ہلاکت پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے سینئر نائب صدر چودھری سلیم بریار کو سیالکوٹ میں تنظیم سازی کے حوالے سے اہم ذمہ داریاں سونپیں اور مسلم لیگی کارکنوں کو متحرک کرنے کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی، اس لیے عوامی خدمت کا جذبہ رکھنے والے کارکنوں کو بلدیاتی الیکشن کیلئے تیار کیا جائے۔

اس موقع پر قیصر بریار نے چودھری پرویز الہٰی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ سیالکوٹ کے موقع پر چیمبر کے مسائل سے انہیں آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ چودھری پرویز الہٰی نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب سیالکوٹ میں یونیورسٹی کے قیام کیلئے 6 سو ایکڑ زمین خریدی تھی، اس پر یونیورسٹی بنائی جائے، وزیراعظم عمران خان نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے فوری طور پر یونیورسٹی کے قیام کی منظوری دے دی۔