جائیدادوں پر قبضہ، اوورسیز کمیشن پنجاب کا وزیراعظم کو خط لکھنے کا فیصلہ

Published On 10 January,2021 06:26 pm

لاہور: (دنیا نیوز) بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی جائیدادوں پر قبضے کے معاملے پر اوورسیز کمیشن پنجاب نے وزیراعظم کو خط لکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے تعاون نہیں کیا جا رہا۔

اوورسیز کمیشن پنجاب کی جانب سے وزیراعظم کو خط کے ذریعے پولیس اور انتظامیہ کے عدم تعاون سے آگاہ کیا جائے گا، اس کے علاوہ وزیراعلیٰ کو بھی صورتحال پربریفنگ دی جائے گی۔

وائس چیئرمین اووسیز کمیشن وسیم چودھری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صرف لاہور میں 40 ارب سے زائد کی جائیدادیں واگزار نہیں کروائی جا رہیں۔ لاہور میں 260 اووسیز پاکستانیوں کی شکایات پر انتظامیہ ایکشن نہیں لے رہی۔ ہاؤسنگ سکیم، پولیس اور ریونیو سے متعلق 218 شکایات حل طلب ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کوآپریٹو محکمہ سے متعلق دو شکایات طویل عرصے سے زیر التوا ہیں۔ ایل ڈی اے سے متعلق 4 اووسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں کے کیسز پر کارروائی نہیں کی جا رہی۔ اس کے علاوہ پولیس سے متعلق 34 اور فیملی ڈسپیوٹ کا ایک کیس حل نہیں ہو رہا۔

وسیم چودھری نے کہا ہے کہ کمیشن کی جانب سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری، پولیس اور انتظامیہ کو متعدد خط لکھے ہیں لیکن تعاون نہیں کیا جا رہا۔ لاہور میں اوورسیز کی ان جائیدادوں کا عدالتی کیسز سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ صرف محکموں سے متعلق کیسز میں بھی انتظامیہ ایکشن نہیں لے رہی۔