پارٹی فنڈنگ کیس: تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن سے رجوع کرلیا

Published On 15 January,2021 11:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن سے رجوع کر لیا ہے۔ درخواست گزار فرخ حبیب نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن سکروٹنی کمیٹی پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کے خلاف پارٹی فنڈنگ کیس میں روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کرے۔

درخواست گزار فرخ حبیب نے الزام عائد کیا ہے کہ 19 جنوری کو پی ڈی ایم کا احتجاج پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کے خلاف الیکشن کمیشن میں تحقیقات رکوانے کے لیے ہے۔ لیکشن کمیشن سکروٹنی کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کرے۔

میڈیا سے گفتگو میں فرخ حبیب نے مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری کو 18 جنوری کو الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہونے کا چیلنج بھی دے دیا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کو فارن فنڈنگ کیس میں 18 جنوری کو طلب کر رکھا ہے۔