اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ رات اسلام آباد میں پیش آنے والے ٹریفک حادثے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے حکام سے تمام تفصیلات طلب کر لی ہیں۔
وزیراعظم نے وزرا کو سیکیورٹی کے نام پر سرکاری وسائل کا غیر ضروری استعمال نہ کرنے کی ہدایت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ پوری قوم کا نمائندہ فورم، جہاں ہر وزیر جوابدہ، جمہوریت مضبوط کرنی ہے تو پارلیمنٹ کو مضبوط بنانا ہوگا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزرا سیکیورٹی کے نام پر سرکاری وسائل کا غیر ضروری استعمال نہ کریں۔ وزرا کتنی سیکیورٹی لیے پھرتے ہیں، رپورٹ دی جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی صورتحال پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں انٹرنیشنل ایئر لائن کے لائسنس کی تجدید نو کا فیصلہ موخر کر دیا گیا۔
اجلاس میں آثار قدیمہ محفوظ بنانے کیلئے بھارت سے لال پتھر کی درآمد کا معاملہ موخر کر دیا گیا جبکہ اقتصادی اور سی پیک کے معاملات کیلئے بنائی گئی کمیٹیوں کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کو توثیق کی گئی۔
اس کے علاوہ کابینہ کمیٹی برائے قانونی مقدمات کے 21 جنوری کے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔ اجلاس کو لاپتا افراد سے متعلق انٹرا کورٹ اپیل اور نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: تیز رفتار گاڑی کی ٹکر، 4 افراد جاں بحق، مقدمہ درج، کشمالہ کا بیٹا نامزد
خیال رہے کہ اسلام آباد کے سری نگر ہائی وے پر تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 4 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے تھے۔ گاڑی میں کشمالہ طارق کے شوہر اور بیٹا سوار تھے۔ پولیس نے حادثے کا مقدمہ درج کر لیا جس میں سابق ایم این اے کے بیٹے کو نامزد کیا گیا ہے۔
مرنے والے افراد کی شناخت انیس، حیدر، فیصل اور فاروق کے نام سے کی گئی، حادثے میں 2 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں پمز منتقل کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد کشمالہ طارق کے شوہر ذاتی محافظوں کے ساتھ موقع سے فرار ہوگئے۔ جائے حادثہ پر موجود لوگوں نے ڈرائیور کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثہ کشمالہ طارق کے شوہر کی گاڑی کے سگنل توڑنے کے باعث پیش آیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق تین افراد کا تعلق مانسہرہ سے ہے، جن کے ورثا سے رابطے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
جی الیون میں ٹریفک حادثے کا مقدمہ واقعہ میں زخمی والے شہری کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ حادثے میں 4 دوست جاں بحق ہوگئے، جاں بحق نوجوان مانسہرہ سے اے این ایف کا ٹیسٹ دینے آئے تھے، سفید رنگ کی جیپ نے ٹکر ماری، جیپ کی ٹکر سے گاڑی میں سوار 4 نوجوان جاں بحق اور موٹر سائکل سوار زخمی ہوئے۔