اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کے سری نگر ہائی وے پر تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 4 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے، گاڑی میں کشمالہ طارق کے شوہر اور بیٹا سوار تھے۔ پولیس نے حادثے کا مقدمہ درج کرلیا جس میں سابق ایم این اے کے بیٹے کو نامزد کیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں تیز رفتاری کئی جانیں لے گئی۔ سگنل توڑنے والی گاڑی نے موٹر سائیکل سواروں اور گاڑی کو روند ڈالا، سابق ایم این اے کشمالہ طارق کے شوہر کی گاڑی بے قابو ہوکر دوسری گاڑی اور موٹر سائیکلوں سے جا ٹکرائی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ اس میں 4 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
مرنے والے افراد کی شناخت انیس، حیدر، فیصل اور فاروق کے نام سے کی گئی، حادثے میں 2 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں پمز منتقل کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد کشمالہ طارق کے شوہر ذاتی محافظوں کے ساتھ موقع سے فرار ہوگئے۔ جائے حادثہ پر موجود لوگوں نے ڈرائیور کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثہ کشمالہ طارق کے شوہر کی گاڑی کے سگنل توڑنے کے باعث پیش آیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق تین افراد کا تعلق مانسہرہ سے ہے، جن کے ورثا سے رابطے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
جی الیون میں ٹریفک حادثے کا مقدمہ واقعہ میں زخمی والے شہری کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ حادثے میں 4 دوست جاں بحق ہوگئے، جاں بحق نوجوان مانسہرہ سے اے این ایف کا ٹیسٹ دینے آئے تھے، سفید رنگ کی جیپ نے ٹکر ماری، جیپ کی ٹکر سے گاڑی میں سوار 4 نوجوان جاں بحق اور موٹر سائکل سوار زخمی ہوئے۔