کسی بھی ملک کی ترقی یا تباہی میں صحت بنیادی عنصر ہے: مصطفیٰ کمال

Published On 16 December,2025 11:41 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی ترقی یا تباہی میں صحت بنیادی عنصر ہے، قوم کو صحت مندنہ رکھاگیا تو ملک کا مستقبل خطرے میں پڑجاتا ہے۔

بین الوزارتی صحت وآبادی اور یو ایچ سی کنٹری پلیٹ فارم کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ شعبہ صحت کسی بھی معاشرے میں بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے، صحت کے مضبوط نظام کا معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی یا تباہی میں صحت بنیادی عنصر ہے، انفرادی فلاح وبہبود قومی بقا سے جڑی ہوئی ہے، قوم کو صحت مند نہ رکھا گیا تو ملک کا مستقبل خطرے میں پڑ جاتا ہے، قدرت نے مثال کیلئے سب ممالک کو کورونا سے گزارا، کورونا میں ترقیاتی ملکوں کا بھی صحت کا نظام بہت زیادہ متاثر ہوا، کورونا وبا کے دوران ترقی یافتہ ممالک کے صحت کے نظام بیٹھ گئے۔

مصطفیٰ کمال کا مزید کہنا تھا کہ صحت کا عالمی نظام کورونا کے بعد اب تک بحالی کے عمل سے گزر رہا ہے، صحت مند افراد ہی صحت مند معاشرہ تشکیل دیتے ہیں، ہیلتھ کیئر کا مضبوط نظام لوگوں کو بیمار پڑنے سے بچاتا ہے۔