وزیرستان میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون کے ایک نئے کیس کی تصدیق

Published On 13 January,2026 04:57 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ نے خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون کے ایک نئے کیس کی تصدیق کر دی ہے۔

این آئی ایچ میں میں قائم پولیو کے خاتمے کے لیے ریجنل ریفرنس لیبارٹری کے مطابق پولیو کا حالیہ کیس 2025 میں شمالی وزیرستان سے رپورٹ ہونے والا 5واں کیس ہے، جس کے بعد گزشتہ برس ملک بھر سے رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 31 ہو گئی ہے۔

لیبارٹری رپورٹ کے مطابق یہ وائرس شمالی وزیرستان کی یونین کونسل سپین وام-2 سے تعلق رکھنے والی 4 ماہ کی بچی میں پایا گیا۔

بچی میں دسمبر کے مہینے میں پولیو کی علامات ظاہر ہوئیں، جس کے بعد لیے گئے نمونوں میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون کی تصدیق ہوئی۔ اس طرح یہ 2025 کا 31واں پولیو کیس قرار پایا۔

گزشتہ سال پاکستان میں پولیو کے مجموعی طور پر 20 کیسز خیبر پختونخوا، نو سندھ، جبکہ پنجاب اور گلگت بلتستان سے ایک، ایک کیس رپورٹ ہوا تھا۔