خلاصہ
- راولپنڈی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ڈیل کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں۔
راولپنڈی کے بینظیر بھٹو ہسپتال کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں وزیر ریلوے حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ شادی سے پہلے دونوں اطراف سے رضا مندی ضروری ہے، اگر رضا مندی ہوگئی تو ڈیل ہو جائے گی، ہر قیدی کی طرح بانی پی ٹی آئی کا علاج ہونا ان کا حق ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ جب میں جیل میں تھا تو کئی بار ذاتی معالج کیلئے درخواست کی مگر ایک نہ سنی گئی اور نہ ہی علاج سے پہلے بچوں سے ملنے کی اجازت ملی۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں حرفِ آخر نہیں ہوتا، آج کے حریف کل کے ساتھی بن سکتے ہیں، جو شخص 74 برس کی عمر میں بھی اپنی زبان پر قابو نہ رکھ سکے، وہ سیاست نہ کرے، سیاست میں وقت کے ساتھ مچورٹی آتی ہے، مجھ میں آج 2003 کے مقابلے میں زیادہ پختگی ہے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ 9 مئی کو فتح حاصل کر کے اقتدار ملنے کی خواہش غلط ہے، میں نے ساری زندگی تاجروں کے ساتھ سیاست کی ہے، ضلعی انتظامیہ کو تاجروں کی ہڑتال سے پہلے ان کے مسائل حل کرنے کو کہا ہے اور تاجروں کے مسائل جلد حل ہوں گے۔
وزیر ریلوے کا مزید کہنا تھا کہ کارکردگی کی بنیاد پر مقابلہ ہونا چاہیے، راولپنڈی باقی تمام شہروں اور صوبوں سے بہت بہتر ہے، یونیورسٹی کا کردار خطے میں اہم ہے، 150 وینٹیلیٹرز اور ایم آر آئی مشینیں دستیاب ہیں، مری روڈ پر بھی تین بسیں چلائیں گے جن کیلئے سٹیشنز بن رہے ہیں۔