لاہور: (ویب ڈیسک) تحقیق سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ نمک کا زیادہ استعمال کرنے والے افراد کو پیٹ پھولنے جیسے مسائل کا زیادہ سامنا رہتا ہے۔
نمک یا سوڈیم جسم کے مختلف افعال کیلئے اہم ہوتا ہے مگر ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کی زیادہ مقدار سے جسم میں پانی اکٹھا ہوتا ہے اور پیٹ پھولنے کا احساس بڑھتا ہے، کچھ عرصہ قبل اس حوالے سے کی گئی ایک تحقیق میں دیکھا گیا تھا کہ نمک کے زیادہ استعمال سے کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
تحقیق میں شامل 50 فیصد افراد مغربی طرز کی غذاؤں جبکہ دیگر زیادہ فائبر والی غذاؤں کا استعمال کرتے تھے، دونوں گروپس کی غذاؤں میں نمک کی زیادہ مقدار کے استعمال سے پیٹ پھولنے کا مسئلہ عام دریافت ہوا۔
محققین کے مطابق نتائج سے واضح ہوا ہے کہ غذا چاہے جو بھی ہو، غذا میں نمک کے زیادہ استعمال سے پیٹ پھولنے کا سامنا زیادہ ہوتا ہے، امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے مطابق لوگوں کو روزانہ 2300 ملی گرام سے کم نمک استعمال کرنا چاہیے، یہ مقدار ایک چائے کے چمچ کے برابر ہوتی ہے۔
نمک کے زیادہ استعمال سے دل کی صحت بھی متاثر ہوتی ہے کیونکہ بلڈ پریشر بڑھتا ہے اور ہائی بلڈ پریشر امراض قلب بشمول ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ بڑھاتا ہے، اس کے علاوہ گردوں کے امراض، ہڈیوں کی کمزوری اور معدے کے کینسر جیسے امراض کا خطرہ بھی بڑھتا ہے۔



