آصفہ بھٹو نے عوام سے انسدادِ پولیو مہم کامیاب بنانے کی اپیل کردی

Published On 14 December,2025 06:53 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) خاتون اوّل آصفہ بھٹو زرداری نے والدین، سرپرستوں، عوامی نمائندوں اور کمیونٹی رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ وہ 15 سے 21 دسمبر 2025 تک ملک کے تمام صوبوں اور علاقوں میں شروع ہونے والی قومی انسدادِ پولیو ویکسینیشن مہم کی بھرپور حمایت کریں۔

اپنے پیغام میں آصفہ بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اس مہم کی کامیابی اجتماعی ذمہ داری سے مشروط ہے اور خاندانوں سے اپیل کی کہ پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو پولیو کے قطرے ضرور پلائے جائیں۔

اُنہوں نے کہا کہ اِس مہم کے دوران ملک بھر میں 45.4 ملین بچوں کو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جن میں پنجاب میں 23.3 ملین، سندھ میں 10.6 ملین، خیبر پختونخوا میں 7.3 ملین اور بلوچستان میں 2.66 ملین بچے شامل ہیں۔
خاتون اوّل کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں بھی بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین دی جائےگی، سرحد پار وائرس کی منتقلی روکنے کے لیے یہ مہم افغانستان کی دسمبر پولیو مہم کے ساتھ ہم آہنگی میں چلائی جا رہی ہے۔

آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں پہلی قومی انسدادِ پولیو مہم 1994 میں ان کی قیادت میں شروع کی گئی تھی اور ان کا وژن آج بھی اس مرض کے خاتمے کے لیے قومی کوششوں کی رہنمائی کر رہا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ کہ اس جدوجہد سے ان کا گہرا ذاتی تعلق ہے، کیونکہ وہ اس لمحے کو یاد کرتی ہیں جب ان کی والدہ نے بطور وزیرِاعظم انہیں خود پولیو کے پہلے قطرے پلائے تھے۔

خاتون اوّل نے کہا کہ وہی لمحہ پاکستان کی پولیو کے خلاف قومی جدوجہد کا نقطۂ آغاز تھا اور اسی نے اس مقصد کے لیے ان کی تاحیات وابستگی کو شکل دی۔

آصفہ بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ 3 روزہ مہم کے دوران گھر گھر جا کر ویکسینیشن کی جائے گی، جس کے بعد ایک اضافی رکھا گیا ہے۔ ہائی رسک علاقوں میں، جہاں کمیونٹی بیسڈ ویکسینیشن اور اسپیشل موبائل ٹیموں کی حکمتِ عملی اپنائی جا رہی ہے، وہاں پانچ روزہ مہم ہوگی جس میں دو اضافی دن شامل ہوں گے۔