پولیو کیخلاف بڑی کامیابی، 2025 میں کیسز میں نمایاں کمی

Published On 31 December,2025 09:54 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) 2025 میں پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں نمایاں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (نیشنل ای او سی) کے مطابق پولیو کے کیسز کی تعداد 74 سے کم ہو کر 2025 میں 30 رہ گئی ہے جو انسدادِ پولیو مہمات کی مؤثر حکمتِ عملی کا واضح ثبوت ہے۔

نیشنل ای او سی کا کہنا ہے کہ ستمبر کے بعد ملک بھر میں پولیو کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا جبکہ بلوچستان اور پنجاب میں تقریباً ایک سال سے پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا جو ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔

حکام کے مطابق 2025 کے دوران انسدادِ پولیو کی چھ اعلیٰ معیار کی قومی مہمات کامیابی سے منعقد کی گئیں جن کے مثبت نتائج سامنے آئے، حالیہ قومی پولیو مہم میں ملک بھر میں 98 فیصد سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین فراہم کی گئی۔

نیشنل ای او سی کے مطابق گزشتہ مہم کے مقابلے میں ویکسین سے محروم رہ جانے والے بچوں کی تعداد میں 18 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

حکام نے والدین اور فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پولیو کے مکمل خاتمے تک مہمات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔