سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو سینیٹر بنانے کیلئے حمزہ شہباز بھی متحرک

Published On 02 March,2021 12:16 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو سینیٹر بنانے کیلئے حمزہ شہباز بھی متحرک ہوگئے۔ لیگی رہنما نے ارکان قومی اسمبلی کو قائد حزب اختلاف کی رہائش گاہ طلب کر لیا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے ہدایت کی ہے کہ ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی اسلام اباد ہر صورت پہنچیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف نے سینٹ الیکشن میں لیگی اراکین قومی اسمبلی کی 100 فیصد حاضری یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ یوسف رضا گیلانی پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار ہیں ان کی جیت پارٹی کی جیت ہے، یوسف رضا گیلانی کی جیت کے کیے تمام ممکنہ پارٹی وسائل بروئے کار لائیں جائیں۔

یاد رہے قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی اپنی 157 نشستیں ہیں، اتحادیوں میں ایم کیو ایم کی 7، مسلم لیگ ق کی اور بی اے پی کی 5، 5 جی ڈی اے کی 3، شیخ رشید کی آل پاکستان مسلم لیگ اور جمہوری وطن پارٹی کی 1، 1 نشست جبکہ 1 آزاد امیدوا اسلم بھوتانی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس طرح پاکستان تحریک انصاف کو قومی اسمبلی میں 180 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔

دوسری طرف متحدہ اپوزیشن کی جماعتوں میں سے مسلم لیگ ن کی 83، پیپلزپارٹی کی 55، متحدہ مجلس عمل پاکستان کی 15، اے این پی اور جماعت اسلامی کی 1،1 نشست جبکہ 3 آزاد امیدواروں کا ساتھ بھی حاصل ہے۔ متحدہ اپوزیشن کے مجموعی اراکین کی تعداد 161 بن جاتی ہے۔ یوں وفاق کی جنرل نشست پر اپوزیشن کو جیتنے کے لئے حکومتی اتحاد میں سے 10 ووٹ توڑنے ہوں گے۔

اس وقت قومی اسمبلی کا ایوان 341 اراکین پر مشتمل ہے، اگر تمام ووٹ کاسٹ ہوتے ہیں تو جیتنے والے امیدوار کو 171 ووٹ درکارہوں گے۔ اگر تمام ووٹ کاسٹ نہیں ہو پاتے تو کاسٹ ووٹوں میں سے 51 فیصد ووٹ حاصل کرنے والا امیدوار فاتح قرار پائے گا۔
 

Advertisement