عمران خان نے پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس پیر کو طلب کرلیا

Published On 17 July,2022 09:57 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اجلاس پیر کو طلب کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس دن 3 بجے طلب کیا ہے، اجلاس میں ضمنی الیکشن کے بعد کی حکمت عملی پر غور ہوگا۔

 تحریک انصاف 15 نشستیں جیت رہی ہے: عمران خان کا دعویٰ

 پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ جو نتائج آرہے ہیں ان کی روشنی میں تحریک انصاف کم از کم 15 نشستیں جیت رہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ جو نتائج آرہے ہیں ان کی روشنی میں تحریک انصاف کم از کم پندرہ نشستیں جیت رہی ہے، مگر تمام پولنگ سٹیشنز پر ذمہ داریوں پر مامور ہمارے سب لوگوں کیلئے نہایت اہم ہے کہ ریٹرننگ افسران سے سرکاری نتائج کے حصول تک اپنی جگہ بالکل نہ چھوڑیں۔

اس سے قبل ایک ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا تھا کہ پنجاب حکومت نے آج کے انتخاب میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی پکڑ دھکڑ کے ذریعے عوام کو ہراساں کر کے اور ووٹوں پر غیر قانونی ٹھپوں سے دھاندلی کیلئے پوری سرکاری / ریاستی مشینری کے کھلے استعمال کے ذریعے نہایت ڈھٹائی سے سپریم کورٹ کے احکامات اور انتخابی قواعد پامال کئے ہیں، الیکشن کمیشن اس پر آنکھیں بند کئے رہا،عدالتیں اب کھلیں اور کارروائی کریں۔