قانونی و آئینی طور پر شجاعت ہی پارٹی صدر ہیں، طارق بشیر چیمہ، سالک چودھری

Published On 26 January,2023 04:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ق کے سینئر رہنماؤں طارق بشیر چیمہ اور سالک چودھری نے کہا کہ ہے قانونی و آئینی طور پر چودھری شجاعت حسین ہی پارٹی کے صدر ہیں۔

نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ آج ہم نے جنرل کونسل کی اسلام آباد میں میٹنگ رکھی تھی، جنرل کونسل میں چاروں صوبوں کی نمائندگی ہونا تھی، چودھری شجاعت حسین کی طبعیت خرابی کی وجہ سے آج جنرل کونسل کی میٹنگ نہیں ہوسکی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں پتا ہے لاہورمیں ڈرامہ ہو رہا ہے، وقت آنے پر بتائیں گے لاہور میں ڈرامہ کیوں ہو رہا ہے، یہ وہ ٹولہ ہے جو باضابطہ طور پر پی ٹی آئی میں ضم ہونے جا رہا تھا، ہمیں کوئی اعتراض نہیں پرویزالٰہی جس مرضی پارٹی میں جائیں۔

طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ آج دوسرا ڈرامہ کیا گیا کہ عمران کے شانہ بشانہ الیکشن لڑیں گے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین ہیں، الیکشن کمیشن کا فیصلہ اگر میرٹ پر ہوا تو چودھری شجاعت کے حق میں ہو گا، یہ ممکن نہیں پنجاب کا صدر مرکزی صدر اور تمام عہدے داروں کو تبدیل کر دے۔

نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سالک چودھری کا کہنا تھا کہ وقت آنے پر ظاہر کریں گے کہ لاہور میں ڈرامہ کیوں چل رہا ہے، اگر جنرل کونسل کا اجلاس بلانا ہے تو 10 دن پہلے نوٹس دیا جاتا ہے، آج لاہور والے اجلاس میں ان کے سارے ایم پی ایز بھی پورے نہیں آئے۔

انہوں نے کہا کہ جنرل کونسل اجلاس میں کون سے لوگ آئے؟ جنرل کونسل اجلاس کے حوالے سے دھوکہ دیا جا رہا ہے، سارا کچھ انہوں نےجلد بازی میں کیا ہے، کل انہوں نے پارٹی میں ایک نام نہاد الیکشن بھی کروانا ہے، انہوں نے کہا کہ قانونی و آئینی طور پر چودھری شجاعت حسین ہی پارٹی کے صدر ہیں۔