اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا کہ صدر عارف علوی کے بہت مشیر ہیں میں کسی سیاست دان کا نہیں عوام کا مشیر ہوں۔
راولپنڈی کے علاقے چاکرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چودھری نثار نے کہا کہ ابھی بریکنگ نیوز کا دور ہے، میں تنقیدی نہیں تعمیری سیاست کرنا چاہتا ہوں، اس وقت نقصان ملک کا ہو رہا ہے، 1971میں جنگ کے باوجود معاشی حالات بہتر تھے، اس وقت ملک کو مضبوط کرنے پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔
چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ میں گاؤں میں تھا جب عمران حکومت جارہی اور شہاز حکومت آرہی تھی، اگر میں عمران خان کا ایڈوائرز ہوتا تو کہتا عزت سے جاؤ اور ایسی تقریر کرو کہ لوگوں میں مزید ہمدردیاں پیدا ہوں اور اگر شہبازشریف کا مشیر ہوتا تو کہتا کہ حکومت نہ لو، اگر حکومت لو تو تین چار دن کے اندر الیکشن کا اعلان کرکے حکومت چھوڑ دو۔
انہوں نے کہا کہ جنگ کی صورتحال کے بعد جیسے وزیراعظم کام کرتا ہے ویسا ہی کرنا چاہئے، آج تمام سیاسی جماعتیں دودھ اور شہد بہانے کی بات کرتی ہیں اس کی گنجائش کدھر ہے، وزیراعظم کو سخت فیصلے کرنے ہیں تاکہ قوم کو ساتھ چلا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ 1971 میں صرف بھارت دشمن تھا، اب پاکستان بہت سارے دشمنوں کے گھیرے میں ہے، اب اندورنی خطرات بھی ہیں، کچھ ہمارے دوست نما دشمن بھی ہیں جو اندرونی خلفشار چاہتے ہیں، بروقت انتخابات نہ ہوئے تو مزید مشکلات بڑھ جائیں گی، منتخب حکومت کو ہر کوئی برداشت کرلیتا ہے غیر منتخب کو نہیں۔