زمان پارک میں پولیس آپریشن مریم نواز اور رانا ثنا اللہ کے کہنے پر ہوا: چودھری پرویز الہٰی

Published On 18 March,2023 07:55 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ قوم کو اب جاگنا پڑے گا اور باہر آنا پڑے گا، زمان پارک میں سب مریم نواز اور رانا ثنا اللہ کے کہنے پر ہوا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ آج زمان پارک کے اندر آئی جی کی سربراہی میں اودھم مچایا، فلسطین اور کشمیر کے مسلمانوں کے ساتھ جو ہو رہا ہے وہ ادھر بھی ہو رہا ہے، عمران خان کے کپڑے اور خواتین کے کپڑے بھی بکھرے پڑے ہیں، زرا خیال نہیں کیا گیا گھر کا چار دیواری کا۔

یہ بھی پڑھیں: زمان پارک میں پولیس کاگرینڈ آپریشن ، پی ٹی آئی کے متعدد کارکن گرفتار،اسلحہ برآمد

انہوں نے کہا ان کے گھر ماں بہن نہیں ہے جو یہ گھر میں گھس رہے ہیں، عدلیہ نے عمران خان کو انصاف دیا ہے، ان پر توہین عدالت لگے گی، سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے الیکشن ہو گا اور ٹائم پر ہوگا، ن لیگ الیکشن ہار رہی ہے، ان کو اپنی موت نظر آ رہی ہے، یہ سب مریم نواز اور رانا ثنااللہ کر رہے ہیں، دن بدن عمران خان اور تحریک انصاف کی شہرت بڑھ رہی ہے۔