لاہور : (دنیا نیوز ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے اسلام آباد روانہ ہونے کے کچھ دیر بعد پولیس زمان پارک میں واقع ان کے گھر کا گیٹ توڑ کر اندر داخل ہو گئی، اس دوران سرچ آپریشن میں متعدد کارکنوں کو بھی گرفتار کرلیاگیا ۔
پولیس کی بھاری نفری نے زمان پارک پہنچنے کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں کے متعدد خیمے اکھاڑ دیے جبکہ علاقے میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردیں ۔
سرچ آپریشن میں پولیس نے پی ٹی آئی کے 15 سے زائد کارکنوں کوبھی حراست میں لے لیا، عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر مورچوں اور تجاوزات کو بھی ہٹادیا گیاہے
پولیس کی جانب سے قیدیوں کو لے جانے والی وین اور واٹر کینن کو بھی کینال روڈ پر پہنچا دیا گیا جبکہ زمان پارک میں کرینیں بھی پہنچائی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان کی رہائشگاہ پر پولیس آپریشن قابل مذمت ہے: پرویز الٰہی
پولیس کا کہنا ہے کہ کارکنان زمان پارک میں واقع گراؤنڈ اور عمران خان کی رہائش گاہ کے قریب کیمپوں میں موجود ہیں۔
پولیس عمران خان کی رہائشگاہ کے اندرداخل
پولیس عمران خان کی رہائشگاہ میں گیٹ توڑ کر داخل ہوگئی ہے ، پہلے واٹر کینن نے عمران خان کے گھر میں پانی پھینکنا شروع کیا جبکہ کرین کی مدد سے تمام رکاوٹیں ہٹائی جا رہی ہیں۔
عمران خان کے گھر میں کارکنوں اور اینٹی رائیٹ فورس کے درمیان شدید تصادم کے دوران پی ٹی آئی کے 6کارکن زخمی ہوئے جبکہ ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا ، پولیس کا کہنا ہے کہ عمران خان کے گھر کے اندر سرچ آپریشن کیاجائے گا۔
پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کی جانے والی ٹوئٹ کے مطابق عمران خان کی رہائش گاہ میں اس وقت صرف ان کی اہلیہ بشری بی بی اور ملازمین موجود ہیں۔
پولیس عمران خان کے گھر کا گیٹ توڑ کر اندر داخل ہو گئی ہے
— PTI (@PTIofficial) March 18, 2023
گھر میں صرف ملازمین اور بشری بی بی موجود ہیں
pic.twitter.com/u1ZTk68UjI
چار ایس پیز اینٹی رائٹ فورس کو لیڈ کررہے ہیں جبکہ پولیس کے ایک ہزار جوان آپریشن میں شامل ہیں۔
عمران خان کی رہائشگاہ پراسلحہ برآمدگی کا دعویٰ
پولیس کی جانب سے زمان پارک میں موجود کارکنوں پر لاٹھی چارج بھی کیا گیا، عمران خان کی رہائش گاہ سے پیٹرول بم بنانے والی بوتلیں بھی برآمد ہوئیں اور غلیلیں اورکنچے بھی ملے ہیں ۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کی رہائش گاہ سے چند رائفلیں اور 5 کلاشنکوف بھی برآمد ہوئی ہیں۔
پی ٹی آئی کا ردعمل
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایک پیغام میں ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ واضح ہو گیا ہے کہ حکومت مجھے گرفتار کرنا چاہتی ہے، پولیس نے میرے گھر پر حملہ کر دیا جہاں بشریٰ بیگم اکیلی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے مذموم عزائم کے باجود میں اسلام آباد اور عدالت کی جانب جا رہا ہوں کیونکہ میں قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتا ہوں۔
Meanwhile Punjab police have led an assault on my house in Zaman Park where Bushra Begum is alone. Under what law are they doing this? This is part of London Plan where commitments were made to bring absconder Nawaz Sharif to power as quid pro quo for agreeing to one appointment.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) March 18, 2023
پولیس کے زمان پارک میں آپریشن پر تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ لاہور میں عمران خان کے گھر پر بزدلانہ حملہ ہوا ہے،عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بیگم جو ایک پردہ دار گھریلو خاتون ہیں چادر اور چاردیواری کے تمام اصول پامال کر کے پولیس گھر میں گھس گئی ہے، انہیں کسی عدالت کسی قانون کی پرواہ نہیں ہے ۔
لاہور میں عمران خان کے گھر پر بزدلانہ حملہ ہوا ہے، عمران خان کی اھلیہ بشریٰ بیگم جو ایک پردہ دار گھریلو خاتون ہیں چادر اور چہاردیواری کے تمام اصول پامال کر کے پولیس گھر میں گھس گئ ہے ، کسی عدالت کسی قانون کی پرواہ نہیں،
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) March 18, 2023
یہ بھی پڑھیں :پولیس نے میرے گھر پر حملہ کر دیا جہاں بشریٰ بیگم اکیلی ہیں: عمران خان
پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل نے بھی سوشل میڈیا پر اس آپریشن سے متعلق اپنا ردعمل دیا۔
اب قومی امکان ہے کہ شام کی خبروں میں بتایا جائے زمان پارک سے ہیروئن اسلحہ بارود غیر ملکی نقشے سازشی دستاویزات برآمد ہوئی ہیں۔ ہر حد تک جایا جائے گا۔ قانون اور انصاف کو سرکس بنا دیا گیا ہے۔
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) March 18, 2023
علاوہ ازیں پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے بھی سوشل میڈیا پر لکھا کہ پولیس نے عمران خان کی رہائش گاہ پر دھاوا بول دیا ہے۔
پولیس نے زمان پارک عمران خان کی رہائش گاہ پر دھاوا بول دیا ہے۔ بشری بی بی اکیلی خاتون گھر میں ہے
— Farrukh Habib (@FarrukhHabibISF) March 18, 2023
چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا جارہا ہے
لاہور ہائیکورٹ کے حکمنامہ کی بھی خلاف ورزی کی جارہی ہے pic.twitter.com/l0s2oyEyzY
حکومت کا موقف
زمان پارک میں آپریشن کے حوالے سے نگران صوبائی وزیراطلاعات عامر میر کا کہنا ہے کہ زمان پارک آپریشن عدالتی احکامات کی خلاف ورزی نہیں ہے ، زمان پارک میں نوگو ایریا بنایا گیا تھا جسے ختم کرنے کے لیے آپریشن کیا گیاہے ۔
یہ بھی پڑھیں :اگرضمانت پارک میں صرف ایک خاتون ہے توپولیس پرگولیاں کون برسا رہاہے: مریم نواز
عامر میر کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کی رہائشگاہ کے اندر سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا، پٹرول بم پھینکے گئے ہیں، زمان پارک کو نوگو ایریا نہیں بننے دیں گے، عمران خان کی موجودگی میں ہم ایسا نہیں کرنا چاہتے تھے۔
متعدد سڑکیں بند
قبل ازیں صوبائی دارالحکومت لاہور میں مال روڈ انڈر پاس کو کنٹینر اور بیریئر لگا کر بند کر دیا گیا جبکہ دھرم پورہ، ریلوے پھاٹک اور گڑھی شاہو جانے والے راستے بھی بند ہیں۔
اس کے علاوہ میو گارڈن، اپر مال اور دیگر انڈر پاسز بھی بند کر دیے گئے ہیں اور بند راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔
لاہور میں بند کیے گئے راستوں پر خاردار تاریں بھی بچھائی گئی ہیں ، جس سے عوام کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔
خیال رہے کہ عمران خان آج توشہ خانہ کیس میں پیشی کے لئے صبح 8 بجے اپنی رہائش گاہ زمان پارک سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہو چکے ہیں، وہ ریلی کی قیادت کرتے ہوئے لاہور سے وفاقی دارالحکومت جائیں گے جبکہ راولپنڈی ڈویژن کے رہنما اسلام آباد پہنچنے پر پارٹی چیئرمین کا استقبال کریں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے پولیس ٹیموں پر حملوں کی تحقیقات کے لیے عمران خان کی زمان پارک میں موجود رہائش گاہ کی تلاشی لینے کی درخواست منظور کی تھی۔