لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب و مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویز الٰہی کا بھی زمان پارک میں پولیس آپریشن پر رد عمل سامنے آ گیا۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان کی رہائش گاہ پر پولیس آپریشن کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، زمان پارک میں عمران خان کے گھر کا گیٹ توڑنا غیر قانونی ہے۔
مرکزی صدر پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ کارکنان پر شیلنگ اور ربڑ کی گولیوں کا استعمال انتہائی افسوس ناک ہے، گیٹ توڑ کر گھر میں زبردستی گھس کر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے اسلام آباد روانہ ہونے کے کچھ دیر بعد زمان پارک لاہور میں پولیس نے گرینڈ آپریشن کیا، پولیس گیٹ توڑ کر عمران خان کے گھر کے اندر داخل ہوگئی، جھڑپوں کے دوران متعدد کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا۔