جعلی خبریں
خلاصہ
- راولپنڈی:(دنیا نیوز) اڈیالہ جیل انتظامیہ نے بشریٰ بی بی کے سیل سے سات چھوٹے سانپ نکلنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور من گھڑت قرار دے دیا۔
جیل انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق سینٹرل جیل میں خاتون قیدی کے سیل سے سات سانپ نکلنے کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، سوشل میڈیا اور بعض میڈیا رپورٹس میں گردش کرنے والی یہ خبر حقائق کے منافی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ جیل میں تمام قیدیوں، بالخصوص خواتین قیدیوں کی حفاظت اور صحت یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جاتے ہیں، جیل مینول اور قواعد و ضوابط کے مطابق قیدیوں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔
جیل انتظامیہ نے مزید کہا کہ سیلز اور بیرکس کی باقاعدگی سے صفائی اور معائنہ کیا جاتا ہے، جبکہ کیڑے مکوڑوں اور موذی جانوروں سے بچاؤ کے لیے جراثیم کش سپرے بھی کیا جاتا ہے۔