بٹگرام کی شمشیر ویلی میں درختوں کی غیر قانونی کٹائی بارے الزامات بے بنیاد قرار

بٹگرام کی شمشیر ویلی میں درختوں کی غیر قانونی کٹائی  بارے الزامات بے بنیاد قرار

کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے میں 362 درختوں کی کٹائی منظور شدہ ریکارڈ کے عین مطابق کی گئی۔

محکمہ جنگلات کے مطابق انکوائری کمیٹی نے موقع پر جاکر تمام 362 درختوں کی تفصیلات اور ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی، تاہم کسی قسم کا فرق سامنے نہیں آیا۔

کمیٹی کو جنگل میں غیر مجاز کٹائی کے کوئی شواہد بھی نہیں ملے، جبکہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دکھائی جانے والی لکڑی بھی منظور شدہ کٹائی کا حصہ تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ معاملے میں محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کی ملی بھگت یا غفلت بھی ثابت نہیں ہوسکی۔

محکمہ جنگلات کا کہنا تھا کہ کٹائی کے بعد لکڑی کا جنگل میں موجود رہنا غیر قانونی ذخیرہ اندوزی نہیں تھا بلکہ سڑک کی بندش کے باعث اسے بروقت منتقل نہیں کیا جاسکا۔

حکام نے کہا کہ کاٹے گئے درختوں سے مجموعی طور پر 70 ہزار 886 مکعب فٹ لکڑی حاصل ہوئی، جس میں سے 20 ہزار 111 مکعب فٹ لکڑی ڈپو منتقل کردی گئی ہے جب کہ باقی لکڑی نیلامی کے ذریعے فروخت کی جائے گی۔

محکمہ جنگلات نے سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر بے بنیاد ویڈیو کی تشہیر اور الزامات کے معاملے کو مزید کارروائی کے لیے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو بھجوانے کی سفارش بھی کی ہے۔