خلاصہ
- کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان کے صوبے قندھار میں طالبان حکومت کے حکام نے ریڈیو سٹیشنوں کو کرکٹ سے متعلق کوئی بھی مواد نشر کرنے سے روک دیا ہے۔
افغانستان میں دو ریڈیو سٹیشنوں کے عہدیداروں اور صوبائی ذرائع نے اس پابندی کی تصدیق کی ہے۔
قندھار طالبان رہنما ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ کا آبائی شہر ہے، طالبان حکومت اس سے قبل کرکٹ کی حمایت کرتی رہی ہے اور اقتدار میں واپسی کی سالگرہ کی تقریبات کے دوران کرکٹ میچز بھی منعقد کروا چکی ہے۔
قندھار کے محکمۂ اطلاعات و ثقافت نے ریڈیو سٹیشنوں کو بتایا کہ اب وہ کرکٹ سے متعلق کوئی مواد نشر نہیں کر سکتے، صرف میچوں کی کمنٹری ہی نہیں بلکہ کرکٹ کی خبریں اور میچوں میں کامیابی سے متعلق رپورٹس نشر کرنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
ایک مقامی ریڈیو سٹیشن کے سربراہ نے بتایا کہ انہیں محکمۂ اطلاعات و ثقافت کی جانب سے فون کر کے کہا گیا کہ وہ اب ریڈیو پر کرکٹ کی کوریج نہیں کر سکتے۔
اس پابندی کی وجہ تاحال واضح نہیں، تاہم یہ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب افغانستان کی مردوں کی قومی کرکٹ ٹیم متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں زمبابوے کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے، اس کے علاوہ افغانستان کی کرکٹ اے ٹیم، جسے عبدالیان بھی کہا جاتا ہے، حال ہی میں یوتھ ایشیا کپ میں شرکت کے لیے قطر گئی ہے۔
طالبان حکومت افغانستان میں ایم ایم اے سمیت بعض مارشل آرٹس اور کھیلوں کی سرگرمیوں پر پابندیاں عائد کر چکی ہے، تاہم لڑکوں کو کرکٹ کھیلنے کی اجازت ہے۔
دوسری جانب خواتین اور لڑکیوں کو کھیلوں میں حصہ لینے اور سپورٹس کلبز جانے کی اجازت نہیں ہے۔