فلسطینیوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا عالمی دن

فلسطینیوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا عالمی دن

یہ دن صرف فلسطینی عوام کی مشکلات اور قربانیوں کو یاد کرنے کا موقع نہیں بلکہ عالمی برادری کو اس کی ذمہ داریوں کا احساس دلانے کی بھی ایک کوشش ہے، فلسطین کا مسئلہ کئی دہائیوں سے عالمی ضمیر کے سامنے ایک سوالیہ نشان بنا ہوا ہے، بے گھر ہونے والے خاندان، تباہ شدہ بستیاں، معصوم بچوں کی محرومیاں اور آزادی کے منتظر عوام کی جدوجہد اس مسئلے کی سنگینی کو نمایاں کرتی ہیں، اس دن کا بنیادی پیغام یہ ہے کہ فلسطینی عوام کو بھی دنیا کی دیگر قوموں کی طرح آزادی، خودمختاری، امن اور اپنے مستقبل کے فیصلے خود کرنے کا حق حاصل ہے۔

عالمی دن کا پس منظر

فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا عالمی دن اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد کے تحت 1977ء میں مقرر کیا گیا، اس کیلئے 29 نومبر کی تاریخ منتخب کرنے کی ایک تاریخی وجہ بھی ہے، 29 نومبر 1947ء کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے قرارداد نمبر 181 منظور کی تھی، جس میں فلسطین کو عرب اور یہودی ریاستوں میں تقسیم کرنے اور بیت المقدس کیلئے ایک خصوصی بین الاقوامی انتظام کی تجویز پیش کی گئی تھی، اس فیصلے نے خطے کی تاریخ پر گہرے اثرات مرتب کئے اور فلسطین کا مسئلہ عالمی سیاست کا اہم موضوع بن گیا۔

بعدازاں اقوام متحدہ نے اس دن کو فلسطینی عوام کے حقوق کی یاد دہانی اور ان کے ساتھ عالمی یکجہتی کے اظہار کیلئے مخصوص کر دیا، ہر سال اس موقع پر اقوام متحدہ کے اداروں، مختلف ممالک اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے تقریبات، مباحثوں اور آگاہی مہمات کا اہتمام کیا جاتا ہے، ان سرگرمیوں میں فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق، آزادی، خودمختاری اور ایک پرامن مستقبل کی ضرورت پر زور دیا جاتا ہے۔

حق خودارادیت کیا ہے؟

حق خودارادیت سے مراد یہ ہے کہ کسی قوم کو اپنے سیاسی مستقبل، طرزِ حکومت اور اجتماعی زندگی کے بارے میں آزادانہ فیصلے کرنے کا اختیار حاصل ہو، اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین میں اس حق کو بنیادی اہمیت دی گئی ہے، اس اصول کے مطابق ہر قوم کو یہ اختیار ہونا چاہیے کہ وہ بیرونی دباؤ اور مداخلت کے بغیر اپنی منزل کا تعین کرے، فلسطینی عوام بھی طویل عرصے سے اسی حق کے حصول کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔

ان کا مطالبہ ہے کہ انہیں ایک آزاد اور خودمختار ریاست میں زندگی گزارنے کا موقع دیا جائے، ان کی سرزمین، شناخت اور قومی حقوق کا احترام کیا جائے اور انہیں اپنے سیاسی و معاشی مستقبل کے فیصلے کرنے کا اختیار ملے، عالمی سطح پر دو ریاستی حل کو بھی اس مسئلے کے ممکنہ پرامن حل کے طور پر پیش کیا جاتا رہا ہے۔

فلسطین کی موجودہ صورتِ حال

فلسطینی عوام کی مشکلات کا سلسلہ کئی دہائیوں سے جاری ہے، اسرائیلی قبضے، نقل مکانی، گھروں کی مسماری، پابندیوں اور مسلسل کشیدگی نے ان کی زندگیوں کو شدید متاثر کیا ہے، غزہ کی پٹی میں جنگ اور تباہی کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر شہری آبادی بے گھر ہوئی، رہائشی عمارتیں، تعلیمی ادارے، ہسپتال اور بنیادی سہولتوں کا نظام متاثر ہوا۔

دوسری جانب مغربی کنارے اور مشرقی بیت المقدس میں بھی فلسطینی آبادی کو مختلف مشکلات اور غیر یقینی حالات کا سامنا ہے، ان حالات میں بچوں، خواتین، بزرگوں اور مریضوں کی مشکلات مزید بڑھ جاتی ہیں، ہزاروں خاندان اپنے پیاروں سے محروم ہو چکے ہیں، بہت سے بچے تعلیم سے دور ہیں اور بڑی تعداد میں لوگوں کو خوراک، صاف پانی، ادویات اور محفوظ رہائش کی ضرورت ہے، اقوام متحدہ کے مطابق 2026ء میں بھی غزہ میں انسانی حالات نازک ہیں جبکہ مغربی کنارے میں آبادکاری، مکانات کی مسماری اور بے دخلی کے واقعات پائیدار امن کی کوششوں کو متاثر کر رہے ہیں۔

عالمی برادری کی ذمہ داریاں

فلسطین کا مسئلہ صرف کسی ایک خطے یا قوم کا معاملہ نہیں بلکہ انسانی حقوق، انصاف اور عالمی قوانین سے جڑا ہوا ہے، دنیا بھر کے مسلمان فلسطینی عوام کے ساتھ مذہبی، تاریخی اور انسانی وابستگی رکھتے ہیں، بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ مسلمانوں کیلئے خصوصی تقدس اور اہمیت کے حامل ہیں، یہی وجہ ہے کہ فلسطین میں ہونے والے واقعات پر مسلم دنیا میں گہری تشویش پائی جاتی ہے،تاہم فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کو صرف مذہبی وابستگی تک محدود نہیں کرنا چاہیے، فلسطینی معاشرے میں مسلمان اور مسیحی دونوں آباد ہیں اور دونوں اپنی سرزمین، شناخت اور قومی حقوق کے تحفظ کے خواہاں ہیں، اس لیے ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت ایک بنیادی انسانی اور بین الاقوامی اصول کی پاسداری بھی ہے۔

پاکستان نے ہمیشہ فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور ایک آزاد، خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کی ہے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، پاکستان سمیت مسلم ممالک اور عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ سفارتی، سیاسی اور انسانی بنیادوں پر فلسطینی عوام کی مدد کیلئے مؤثر کردار ادا کریں، انسانی امداد کی فراہمی، زخمیوں کے علاج، بچوں کی تعلیم اور بے گھر خاندانوں کی بحالی کیلئے عملی اقدامات بھی اسی یکجہتی کا حصہ ہیں۔

اظہارِ یکجہتی سے عملی حمایت تک

29 نومبر محض ایک یادگاری دن نہیں بلکہ عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے اور انصاف کیلئے آواز بلند کرنے کا موقع ہے، اس دن ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ مظلوم عوام کے حقوق کیلئے آواز اٹھاتے رہیں گے، انسانی جانوں کے تحفظ اور جنگ کے خاتمے کی کوششوں کی حمایت کریں گے اور فلسطینی عوام کی مشکلات کو فراموش نہیں کریں گے، فلسطینی عوام کی جدوجہد ہمیں یہ احساس دلاتی ہے کہ آزادی، عزت، خودمختاری اور اپنے وطن میں پرامن زندگی گزارنے کی خواہش ہر انسان کا بنیادی حق ہے، کسی بھی قوم کو اس حق سے محروم نہیں رکھا جانا چاہیے۔

عالمی یومِ یکجہتی کا حقیقی تقاضا بھی یہی ہے کہ ہمدردی اور اظہارِ افسوس سے آگے بڑھ کر ایسے عملی اقدامات کیے جائیں جن سے فلسطینی عوام کو انصاف، آزادی اور امن میسر آ سکے، بالآخر ایک ایسا منصفانہ حل ہی خطے میں پائیدار امن کی بنیاد بن سکتا ہے جس میں فلسطینی عوام کی آزاد ریاست اور خودمختاری کے خواب کو حقیقت کا روپ ملے۔