خلاصہ
- لاہور: (ویب ڈیسک) پنجابی انسٹیٹیوٹ آف لینگویج آرٹ اینڈ کلچر (پلاک) کے زیر اہتمام جاری چوتھی عالمی پنجابی کانفرنس کے شرکا اور مندوبین نے مطالبہ کیا ہے کہ پنجابی زبان کے تحفظ اور فروغ کے لیے اسے صوبے کے تعلیمی اداروں کے نصاب کا باقاعدہ حصہ بنایا جائے۔
لاہور میں 27 نومبر سے جاری کانفرنس کا آج آخری دن ہے، اس کانفرنس میں پاکستان، انڈیا اور دنیا کے دیگر ممالک سے آئے ہوئے ادیبوں، محققین اور طلبہ نے اس امر پر زور دیا کہ جب تک مشرقی پنجاب کی طرز پر مغربی پنجاب کے سکولوں اور سرکاری دفاتر میں پنجابی زبان کو سرکاری حیثیت اور تدریسی درجہ نہیں دیا جاتا، اس زبان کے فروغ کی کوششیں بارآور ثابت نہیں ہو سکتیں۔
پاکستان اور بھارت میں صدیوں سے بولی جانے والی پنجابی اس خطے کی ایک بڑی زبان ہے، جس میں شاعری، ناول نگاری، ڈرامہ، موسیقی اور لوک داستانوں کا ایک وسیع ذخیرہ موجود ہے۔
تقسیمِ برصغیر کے بعد پنجاب دو حصوں میں بٹ گیا تاہم سرحد کے دونوں اطراف بسنے والے کروڑوں لوگوں کی مادری زبان آج بھی پنجابی ہے۔
کانفرنس میں شریک مقامی طلبہ کا ماننا ہے کہ تعلیمی نصاب میں شامل نہ ہونے کے باعث نوجوان نسل اپنی مادری زبان بولنے میں ہچکچاہٹ محسوس کرتی ہے۔
کانفرنس میں شریک طلبہ نے کہا کہ اگرچہ ہماری مادری زبان پنجابی ہے لیکن یہاں لوگ پنجابی بولنے والوں کو گنوار سمجھتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ اس زبان کے بولنے والے اکثر لوگ بھی بولتے ہوئے شرمندگی محسوس کرتے ہیں، حالانکہ دنیا بھر میں لوگ اپنی مادری زبان پر فخر کرتے ہیں۔
طلبہ کے مطابق اگر انڈین پنجاب کی طرح یہاں بھی پنجابی کو نصاب میں شامل کر لیا جائے تو بچے اسے شروع سے سیکھ کر آسانی اور اعتماد کے ساتھ بول سکیں گے۔
دوسری جانب انڈیا سے کانفرنس میں شرکت کے لیے آنے والے مندوب سردار جرنیل سنگھ ٹیلو نے کہا کہ دنیا بھر سے پنجابی بولنے والے اس کانفرنس میں اس لیے اکٹھے ہوئے ہیں تاکہ اپنی ثقافت اور زبان کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی طے کی جا سکے۔
سردار جرنیل سنگھ ٹیلو نے کہا کہ جس طرح انڈین پنجاب کے تعلیمی اداروں کے نصاب میں پنجابی زبان پڑھائی اور لکھائی جاتی ہے، پاکستانی پنجاب کے نصاب میں شامل نہیں ہے، اگرچہ یہاں کی حکومت دلچسپی ضرور لیتی ہے لیکن معلوم نہیں عملی اقدامات سے کیوں گریزاں ہے۔
کانفرنس میں شریک انڈین نژاد آسٹریلوی مندوب کرن جیت کور کا کہنا تھا کہ انڈین پنجاب کے سکولوں اور سرکاری دفاتر میں پنجابی بولی جاتی ہے جبکہ پاکستانی پنجاب میں ادارہ جاتی سطح پر اس کا استعمال محدود نظر آتا ہے۔
انہوں نے سرکاری سرپرستی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے یہاں کی حکومت سے سنا کہ پنجابی کے فروغ کو یقینی بنایا جا رہا ہے، لیکن عملی طور پر جب تک سکولوں یا سرکاری محکموں میں اس زبان کو سرکاری قرار نہیں دیا جاتا تب تک یہ کوششیں کامیاب نہیں ہو سکیں گی۔
تین روزہ عالمی پنجابی کانفرنس میں فکری نشستوں اور ادبی مباحثوں کے ساتھ ساتھ پنجابی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے روایتی کھانوں کے سٹالز اور موسیقی کے پروگرام بھی منعقد کیے جا رہے ہیں۔