ماسکو سے ڈنکی لگانے کی افواہیں بے بنیاد، پاکستانی کراٹے ٹیم کل وطن واپس روانہ ہوگی

ماسکو سے ڈنکی لگانے کی افواہیں بے بنیاد، پاکستانی کراٹے ٹیم کل وطن واپس روانہ ہوگی

ذرائع کے مطابق ٹیم میں کوچ نور اسلم جبکہ کھلاڑیوں میں رحمان علی، عرفان خان اور عابد رضا شامل ہیں، مقابلوں میں انہیں بیسٹ پرفارمنس کی ٹرافیاں بھی ملیں لیکن وہ فائنل تک نہیں پہنچ سکے۔ مقابلوں کے اختتام کے بعد ان کی واپسی تین مارچ کو ماسکو سے پاکستان کے لیے طے تھی، تاہم فلائٹ آپریشن معطل ہونے کے باعث متعلقہ ایئر لائن نے ان کے ٹکٹ منسوخ کر دیے۔ کھلاڑیوں کے ویزے چھ مارچ تک کارآمد تھے، جس کے باعث وہ غیر یقینی صورتحال کا شکار ہو گئے۔

اس صورتحال میں ٹیم کے ارکان سفارت خانہ پاکستان، ماسکو پہنچے اور سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی سے ملاقات کی۔ انہوں نے درخواست کی کہ یا تو ان کے ویزوں میں توسیع کروا دی جائے یا چھ مارچ سے قبل ان کی وطن واپسی کا بندوبست کیا جائے۔

سفارت خانے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کھلاڑیوں کی واپسی کے لیے چھ مارچ کی نئی ٹکٹوں کا انتظام کر دیا۔ ذرائع کے مطابق ٹیم اس وقت سفارت خانہ پاکستان، ماسکو کے رابطے میں ہے اور کل (چھ مارچ) کو پاکستان کے لیے روانہ ہو جائے گی۔

ادھر پاکستان میں سوشل میڈیا پر یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ چار رکنی کراٹے ٹیم ماسکو سے مبینہ طور پر یورپ فرار ہو گئی ہے، تاہم سفارتی ذرائع نے ان خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایسا کچھ نہیں ہوا۔ ٹیم کے تمام ارکان روس میں موجود ہیں اور باقاعدہ طور پر وطن واپسی کی تیاری کر رہے ہیں۔

سفارتی حکام کا کہنا ہے کہ بے بنیاد افواہوں سے کھلاڑیوں اور ان کے اہل خانہ کو ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا، لہٰذا ذمہ دارانہ رپورٹنگ اور مصدقہ معلومات کی اشاعت کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔