ایرانی صدر کا وزیر اعظم شہباز شریف کو فون، عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد

Published On 05 March,2024 12:42 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کو ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے ٹیلی فون کیا اور عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

تفصیلات کے مطابق ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا، وزیر اعظم نے ایرانی صدر کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔

یہ بھی پڑھیں: شہزادہ محمد بن سلمان کی شہبازشریف کو وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے پر مبارکباد

وزیر اعظم شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک میں گہرے تاریخی اور ثقافتی روابط ہیں، پاکستان دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں موجود تعاون کو مزید مضبوط کرنے اور وسعت دینے کیلئے کوشاں ہے۔

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ امید ہے وزیر اعظم محمد شہباز شریف اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔

قبل ازیں ملائیشیا کے ہم منصب انور ابراہیم نے بھی وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر شہباز شریف کو ٹیلیفون کیا اور مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ نیک خواہشات کا اظہار کیا، انہوں نے نواز شریف کیلئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا جس پر وزیر اعظم شہباز شریف نے ان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان ملائیشیا کیساتھ تجارتی و سفارتی تعلقات کے مزید فروغ کا خواہاں ہے، وزیر اعظم نے ملائیشیا کے ہم منصب انور ابراہیم کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
 

Advertisement