مغربی ہواؤں کا ایک اورسلسلہ آج سے ملک میں داخل ہوگا

Published On 12 March,2024 10:21 am

کوئٹہ : (دنیانیوز ) مغربی ہواؤں کا ایک اور سلسلہ آج سے ملک میں داخل ہوگا، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے 22 اضلاع میں بارش جبکہ زیارت، کوئٹہ، پشین، قلعہ عبداللہ  اور قلعہ سیف اللہ میں پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے ۔ 

دالبندین میں گزشتہ روز بارش نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ، کوئٹہ، چمن، لورالائی، قلات، خضدار، لسبیلہ اور پشین میں بھی شدید بارشیں ریکارڈ کی گئیں ، دالبندین 18، پشین 10، چمن 8، قلات 6 ،لسبیلہ 2 ، کوئٹہ 5 اور لورالائی میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈکی گئی ۔

سیلابی پانی گھروں میں داخل ہونے سے کئی کچے مکانات گرگئے، ریلوے ٹریک پر پانی آنے سے کوئٹہ تفتان سیکشن پر ٹرین سروس معطل ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بالائی سندھ، اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔