علی امین گنڈاپور اپنی مدت پوری نہیں کرسکیں گے : فیصل واوڈا

Published On 16 March,2024 12:31 pm

کراچی : (دنیانیوز) سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ نومنتخب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اپنی مدت پوری نہیں کرسکیں گے ۔

سینیٹ الیکشن کیلئے آزاد امیدوار فیصل واوڈا نے کاغذات نامزدگی جمع کروادیے ، بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہارجیت اللہ کے ہاتھ میں ہے، سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دیکر آیا ہوں، آزاد حیثیت سے سینیٹ کا الیکشن لڑوں گا، میں اس ملک میں ایم این اے ،وفاقی وزیر اورسینیٹر رہا ہوں، مجھے کم عمری میں تین عہدے مل چکے ہیں۔

ان کاکہنا تھا کہ میں پیپلز پارٹی سمیت کسی جماعت کا امیدوار نہیں، آج کل آزاد امیدواروں کا دور چل رہا ہے، میں اس ملک میں ایم این اے اور سینیٹر بھی رہا ہوں، میری ذاتی مصروفیات تھی جس کی وجہ سے الیکشن میں حصہ نہ لے سکا ، سینیٹ کے اندر جو چلا جائیگا وہ آئینی طور پر چھ سال کی کرسی ہے۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ قانونی اور سیاسی طور پر سنی اتحاد کونسل چاند پر حکومت بنا سکتی ہے ، ان سے گزارش ہے ملک کو بھنور سے نکالیں مجھے سچ بات کرنے پر پارٹی سےنکالا گیا تھا بانی پی ٹی آئی کا قد کاٹھ چاند پر تھا،  ہم نے ہمیشہ پاکستان میں بے حیائی اور بے شرمی کی سیاست کی ہے، میں نے اہل ہونے کے بعد سینیٹ کی سیٹ سے استعفیٰ دیا ، کسی کا باپ بھی مجھے سیٹ سے نہیں نکال سکتا تھا۔

سابق سینیٹر نے مزید کہا کہ جب تک میری عمر چل رہی ہے کسی کو بھی ویلکم کرسکتا ہوں اور کسی سے بھی مل سکتا ہوں، میری سیاست میں ابھی کافی عمر ہے، چیئرمین سینیٹ کے لیے فیورٹ امیدوار پی پی کے ہیں، زرداری صاحب کے ساتھ ایک بار ملاقات نہیں 100بار ہوچکی ہے۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ اللہ کی مدد آگئی تو ن لیگ اور پی پی کی حکومت ایک ، دوسال کی ہوگی ، مجھے سچ بولنے پر پارٹی سے نکالا گیا تھا یہ حکومت دو سال تک چلےگی، بعد میں پیپلز پارٹی ہی نظر آئیگی ، مریم نواز نے لگتا ہے پنجاب کو چاند پر پہنچادیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نہیں پتہ کتنے عرصے تک چلے جب بھی ملک کی بقاء و سلامتی کی بات آئیگی سب اپنے کردار ادا کرتے رہیں گے،9 مئی والوں کو ریلیف ملتے ہوئے نظر نہیں آرہا ،  میری بات بانی پی ٹی آئی کو سمجھ نہیں آئی میں ان تک نہیں پہنچ سکتا ، میری گزارش ہے بانی پی ٹی آئی مولا جٹ کی سیاست چھوڑدیں۔

Advertisement