الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کیلئے شیڈول جاری کردیا

Published On 14 March,2024 11:30 am

اسلام آباد: (دنیانیوز) الیکشن کمیشن نے سینیٹ کی 48 نشستوں پر انتخابات کیلئے شیڈول جاری کر دیا۔

الیکشن کمیشن کے جاری شیڈول کے مطابق سینیٹ الیکشن کے لیے امیدوار آج سے کاغذات نامزدگی لے سکتے ہیں ، کاغذات نامزدگی 15 سے 16مارچ تک جمع کرائے جا سکیں گے۔

شیڈول کے مطابق امیدواروں کی ابتدائی فہرست 17 مارچ کو شائع کی جائے گی ، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 19 مارچ کو ہو گی جبکہ اپیلیں 21 مارچ تک جمع ہو سکیں گی۔

الیکشن کمیشن شیڈول کے مطابق الیکشن ٹربیونلز 25 مارچ تک اپیلیں نمٹائیں گے اور امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 26 مارچ کو آویزاں کی جائیں گی جبکہ کاغذات نامزدگی 27 مارچ تک واپس لیے جا سکتے ہیں۔

شیڈول میں کہا گیا ہے کہ سینیٹ الیکشن کیلئے پولنگ 2 اپریل کوہو گی، سینیٹ نشستوں کے لیے ووٹ پارلیمنٹ ، پنجاب ،سندھ ،بلوچستان اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں میں ڈالے جائیں گے۔
 

Advertisement