سینیٹ کی 6 نشستوں پر ضمنی الیکشن آج ہو گا، پولنگ کے انتظامات مکمل

Published On 14 March,2024 01:35 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ کی 6 نشستوں پر ضمنی انتخابات آج ہوں گے، پولنگ کا عمل صبح 9 بجے سے 4 بجے تک جاری رہے گا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سینیٹ کی 6 خالی نشستوں پر ضمنی الیکشن کیلئے ووٹنگ قومی، سندھ اور بلوچستان اسمبلی میں ہو گی، اسلام آباد کے ریٹرننگ افسر ظفر اقبال کی جانب سے امیدواروں کا فارم 54 جاری کیا جا چکا۔

قومی اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کے الیاس مہربان اور پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی کے درمیان مقابلہ ہو گا جبکہ سندھ میں سینیٹ کی دو خالی نشستوں پر الیکشن کیلئے پولنگ کے انتظامات مکمل کر لیے گئے، پیپلز پارٹی اور سنی اتحاد کونسل کے امیدوار آمنے سامنے ہوں گے۔

واضح رہے کہ سینیٹ الیکشن کیلئے جمعیت علماء اسلام اور پیپلز پارٹی نے اسلام آباد اور بلوچستان میں اتحاد کر رکھا ہے، پی پی رہنما نیئر بخاری کا کہنا ہے کہ سینیٹ الیکشن بلوچستان میں پیپلز پارٹی جے یو آئی کی حمایت کرے گی۔

جے یو آئی کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ سیاسی حوالے سے بہتر پیشرفت ہوئی ہے، ہماری کوشش ہو گی سینیٹ الیکشن میں یوسف رضا گیلانی کا ساتھ دیں۔
 

Advertisement