وزیراعظم شہبازشریف کا حکومتی ترجمانوں کی ٹیم میں اضافے کا فیصلہ

Published On 19 March,2024 11:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے میڈیا اور بیانیہ کے معاملہ پر حکومتی ترجمانوں کی ٹیم میں اضافے کا فیصلہ کر لیا۔

وزیراعظم شہبازشریف کے زیرصدارت وزیراعظم ہاؤس میں ترجمانوں کا پہلا غیرمعمولی اجلاس ہوا، ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات نے اجلاس میں میڈیا کی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی اور ترجمانوں کی تعداد بڑھانے کی تجویز باضابطہ طور پر پیش کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں سابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بھی شرکت کی، اجلاس میں پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، خیبرپختونخوا سے اختیار ولی، سندھ سے کھیل داس نے شرکت کی۔

اجلاس میں میڈیا کے محاذ پر چیلنجز، اپوزیشن کے بیانیے کا جواب دینے کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا، جوابی بیانیے، بروقت ردعمل اور میڈیا سٹریٹجی کے حوالے سے تجاویز پر مشاورت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم نے وفاق اور صوبوں میں پارٹی اور حکومتی ارکان کو ترجمان بنانے کا فیصلہ کیا، پارٹی کے سینئر اور نوجوان رہنما ترجمانوں میں شامل ہوں گے، ترجمان اپنے اپنے شعبوں کے حوالے سے میڈیا میں پارٹی اور حکومت کا دفاع کریں گے۔

ٹی وی پروگراموں میں پارٹی ترجمانوں کو بھجوانے کیلئے سینٹرلائزڈ نظام بنانے پر اتفاق کیا گیا، سوشل میڈیا کیلئے جامع حکمت عملی کی بھی منظوری دی گئی، صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے ترجمانوں کے درمیان اشتراک عمل قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے میڈیا کے محاذ پر بھرپور جواب کیلئے نئے چہروں کو بھی آگے لانے کی ہدایت کر دی۔

Advertisement