کے پی اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر حلف برداری کا معاملہ، سپیکر سے جواب طلب

Published On 26 March,2024 11:01 am

پشاور: (دنیا نیوز) عدالت نے خیبر پختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر حلف نہ لینے کی درخواست پر سپیکر صوبائی اسمبلی کو کل تک عدالت میں جواب جمع کروانے کا حکم دے دیا۔

پشاور ہائی کورٹ میں اپوزیشن جماعتوں کی خیبر پختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر حلف نہ لینے کی درخواست پر جسٹس عتیق شاہ اور جسٹس سید ارشد علی نے سماعت کی۔

الیکشن کمیشن کے وکیل سکندر بشیر مہمند اور ایڈووکیٹ جنرل شاہ فیصل اتمن خیل عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے آغاز میں وکیل الیکشن کمیشن سکندر بشیر مہمند نے کہا کہ مخصوص نشستوں پر الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے مگر اب سپیکر صوبائی اسمبلی ان سے حلف نہیں لے رہے ہیں۔

وکیل سپیکر صوبائی اسمبلی علی عظیم آفریدی ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے سیکرٹری اسمبلی کو کل طلب کیا ہے، ان لوگوں نے الیکشن کمیشن میں بھی درخواست دی اور یہاں بھی آگئے ہیں۔

اس پر الیکشن کمیشن کے وکیل سکندر مہمن نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ممبران کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، ایسے کیسز میں عدالتوں کے فیصلے موجود ہیں، ایک آئینی عہدے دار اپنی آئینی ذمہ داری ادا نہیں کر رہا اور ممبران سے حلف نہیں لے رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ نوٹیفکیشن کے بعد بدنیتی پر حلف نہ لینا آئینی خلاف ورزی ہے، مخصوص نشستوں کے کیس میں لارجر بنچ نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔

دوران سماعت سپیکر صوبائی اسمبلی کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وکالت نامہ جمع کراؤں گا، ابھی سپیکر کے دستخط باقی ہیں اور کل اپنا جواب بھی جمع کراؤں گا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کل اس کیس کو دوبارہ کیس سنیں گے۔

بعد ازاں عدالت نے سپیکر صوبائی اسمبلی کو کل تک جواب جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے صوبائی حکومت کی جانب سے متعلقہ عدالت میں جواب نہ پہنچنے پر سماعت کل تک ملتوی کردی۔ 

Advertisement