لاہور:(دنیا نیوز) اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں چینی باشندوں کے مکمل تحفظ کیلئے وی وی آئی پی سکیورٹی فراہم کرنے کی منظوری دیدی گئی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سربراہی میں اپیکس کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا ، اجلاس میں پنجاب میں منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کیلئے سکیورٹی سخت رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
پنجاب اپیکس کمیٹی کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم سب نے ٹیم کی طرح کام کرنا ہے ،دہشتگردی کی سرکوبی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے، کہ پُرامن پاکستان کے پیچھے شہداءکی قربانیاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہداء کے لواحقین کا جذبہ دیکھ کر دل خوش ہوگیا ،میں انہیں بھی سراہتی ہوں، چکوال میں شہید کیپٹن کے گھر گئی تو اہل خانہ کے آنسو نہیں دیکھے جارہے تھے، اے پی ایس کے بعد بنائے جانے والے نیشنل ایکشن پلان کو سراہا گیا، ہم نے نیشنل ایکشن پلان کو دوبارہ فعال کرنا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کی معترف ہوں، نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد ہونا چاہئے۔
مریم نواز نے کہا ہمیں کپیسٹی بلڈںگ کی طرف جانا ہے ، جنوبی پنجاب میں جرائم پیشہ افراد کے پاس جدید اسلحہ ہے، ہم جرائم پیشہ کی سرکوبی کیلئے بھی اقدام کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 9مئی کو سیاسی دہشتگردی کا مظاہرہ کیا گیا ، مظاہرین کی جانب سے ملٹری تنصیبات پر حملے کئے گئے ، میں اس جماعت کا نام نہیں لینا چاہتی، سیاسی فاشزم بھی دہشتگردی کی شکل اختیار کرچکا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سی پیک منصوبہ خطے کیلئے گیم چینجر ہے، اسی وجہ سے اس منصوبے کو نشانہ بنایا گیا، جب پاکستان کی بات ہوتی ہے تو ہمارے نظریات پیچھے چلے جاتے ہیں ۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں دوسرے صوبوں کی نسبت زیادہ امن وامان ہے، صوبے کے سرحدی علاقوں میں چیک پوسٹیں قائم کی جائیں گی۔