پنجاب: ٹریفک کے دو حادثات میں 4 افراد جاں بحق، ایک شدید زخمی

Published On 10 April,2024 05:54 am

بہاولپور: (دنیا نیوز) بہاولپور اور بہاولنگر میں ٹریفک کے دو مختلف حادثات کے دوران 4 افراد جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق بہاولپور کے علاقے جھانگڑا شرقی روڈ پر ٹرک اور موٹر سائیکل میں تصادم کے نتیجے میں 2 افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا، مرنے والوں کی شناخت 38 سالہ اعجاز اور 25 سالہ فضل شامل ہیں۔

حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی، لاشوں اور زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا جہاں زخمی ہونے والے 40 سالہ ایوب کو طبی امداد دی جا رہی ہے، موٹر سائیکل سوار تینوں افراد اعتکاف مکمل کرکے گھر جا رہے تھے۔

بہاولنگر کے علاقے مبارک آباد کے قریب تیز رفتار کار نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں 2 نوجوان جاں بحق ہو گئے، مرنے والوں کی شناخت محمد ارشد اور شاہد جاوید کے ناموں سے ہوئی، لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔