ایران کے قبضے میں لیے گئے جہاز پر موجود دو پاکستانیوں کی جلد رہائی متوقع

Published On 14 April,2024 11:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایرانی افواج کی جانب سے قبضے میں لئے گئے جہاز پر دو پاکستانیوں کی موجودگی کا معاملہ دفتر خارجہ نے ایرانی حکومت کے سامنے اٹھا دیا۔

ذرائع کے مطابق ایرانی سفارتخانے کو بحری جہاز پر موجود دونوں پاکستانیوں کی مکمل تفصیلات دے دی گئیں۔

اسلام آباد میں ایرانی سفارتخانے نے معلومات تہران تک پہنچا دیں، دونوں پاکستانیوں کی جلد رہائی کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ شام میں ایران کے قونصل خانے پر اسرائیلی حملے کے بعد ایرانی مسلح افواج نے آبنائے ہرمز کے قریب اسرائیل سے تعلق رکھنے والے ایک تجارتی بحری جہاز کو قبضے میں لے لیا تھا۔

پرتگالی پرچم والا ایم ایس سی ایریز نامی تجارتی بحری جہاز متحدہ عرب امارات کی بندرگاہ سے بھارت کی طرف روانہ ہوا تھا، جہاز میں عملے کے 25 افراد موجود ہیں جن میں سے 17 بھارتی شہری بتائے جا رہے ہیں۔

اس جہاز کا تعلق لندن میں قائم زوڈیاک میری ٹائم سے ہے جو اسرائیلی ارب پتی ایال اوفر اور اس کے خاندان کے زیر انتظام زوڈیاک گروپ کا ایک حصہ ہے۔

دوسری جانب ایران کی جانب سے جہاز کو قبضے میں لینے کے اعلان کے بعد اسرائیلی فوج نے خبردار کیا تھا کہ ایران کو اس کے "نتائج" بھگتنا ہوں گے۔

Advertisement