بانی پی ٹی آئی نے کہہ دیا ہمارے سیاسی قیدیوں کی رہائی تک ڈیل ہو نہ مفاہمت: شیر افضل مروت

Published On 25 April,2024 04:33 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے رہنما شیر افضل مروت نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے واضح کہہ دیا ہمارے سیاسی قیدیوں کی رہائی تک کوئی ڈیل یا مفاہمت نہیں ہوگی۔

اڈیالہ جیل کے باہر شیر افضل مروت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے خواتین کی گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے، خواتین کی گرفتاری پر حقوق کی تنظیمیں کیوں خاموش ہیں؟

شیر افضل مروت نے کہا کہ سعودی عرب کے حوالے سے میرے بیان پر بانی پی ٹی آئی نے میری سرزنش کی، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ سعودی عرب کے حوالے سے بیان مناسب نہیں تھا، بانی پی ٹی آئی کو کہا گیا کہ مسلم لیگ ن نے میرے نام پر تحفظات کا اظہار کیا جو کہ غلط تھا۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پراپیگنڈا کیا جارہا تھا، بانی پی ٹی آئی نے احتجاج کے حوالے سے عمر ایوب کو ہدایات جاری کی ہیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا میری بہنوں اور اہلیہ کے خلاف مقدمات اس لئے درج کئے گئے کیونکہ یہ میرے اپنے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ میں کیسز نہ لگنے کی وجہ سے بانی پی ٹی آئی نے تشویش کا اظہار کیا، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ کیسز نہ لگنے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے، ہر پارٹی میں مخالفت ہوتی ہے تو میری پارٹی میں بھی میری مخالفت ہوئی ہے۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ 8 فروری اور 21 اپریل کو ہمارے اوپر شب خون مارا گیا، وقت آ گیا عوام اپنے حقوق کے لئے پرواز کرے۔
 

Advertisement