خیبر میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگرد ہلاک

Published On 25 April,2024 05:25 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع خیبر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، دہشت گردوں کا سرغنہ سہیل عرف عظمتو، حاجی گل عرف زرقاوی مارے جانے والوں میں شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن میں دہشت گردوں کا ٹھکانہ بھی تباہ کردیا گیا، مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا، ہلاک دہشت گرد علاقہ میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے کے مقامی لوگوں نے سکیورٹی فورسز کی کارروائی کو سراہا، کسی بھی دوسرے دہشت گرد کے خاتمے کیلئے علاقے میں سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔
 

Advertisement