پاکستانی خلیجی ممالک میں سیاسی احتجاج سے اجتناب کریں: طاہر اشرفی

پاکستانی خلیجی ممالک میں سیاسی احتجاج  سے اجتناب کریں: طاہر اشرفی

صوبائی دارالحکومت میں حافظ طاہر محمود اشرفی کا عالم اسلام کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں عرب اور دیگر اسلامی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے نام اہم پیغام جاری کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانی نہ صرف ملک کے سفیر ہیں بلکہ قومی معیشت میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصے میں بعض عناصر پاکستان کے داخلی سیاسی معاملات کو خلیجی ممالک تک لے جا رہے ہیں جو وہاں کے سخت قوانین کی خلاف ورزی ہے اور اِس عمل کو متعلقہ ممالک کی انتظامیہ پسند نہیں کرتی۔

چیئرمین علما کونسل کا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر زور دیتے ہوئے کہنا تھ کہ تارکینِ وطن اپنے میزبان ممالک کے قوانین کا مکمل احترام کریں اور کسی بھی ایسی سرگرمی سے اجتناب کریں جو وہاں کے امن و امان یا پاکستان کے ساتھ تعلقات کو متاثر کرے۔

حافظ طاہر محمود اشرفی کا بالخصوص سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک کا حوالہ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ وہاں سیاسی احتجاج، نعرہ بازی یا اس نوعیت کی سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہے، اس لیے پاکستانیوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔